چمتاربس ٹرمینل کوفعال کرنے کے لئے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی جلدازجلد یقینی بنایا جائے ،کمشنر مردان

منگل 12 مارچ 2024 15:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2024ء) کمشنر مردان شوکت علی یوسفزئی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ چمتار بس ٹرمینل کو فعال بنانے کے لیے وہاں ٹرانسپورٹرز اورمسافروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی اور ڈپٹی کمشنر مردان محمد فیاض خان شیرپاؤ کے ہمراہ چمتار بس ٹرمینل کے دورے کے موقع پر متعلقہ سرکاری حکام اور ٹرانسپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئےکیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے واجد خان، اے اے سی جنید خان، ریجنل میونسپل آفیسر، ٹی ایم او مردان، سی اینڈ ڈبلیو حکام اور ٹرانسپورٹرز حاجی اکبر علی، والد میر کشمیری اور دیگر بھی موجود تھے۔ کمشنر مردان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے بس ٹرمینل کو کامیاب بنانے میں حائل روکاوٹیں دور کرنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز ،نو منتخب ارکان اسمبلی اور حکام مل بیٹھ کر مسائل کا دیرپا حل نکالیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 732 کنال کے وسیع رقبے پر کروڑوں روپے کی لاگت سے نیا بس ٹرمینل قائم کیا ہے جہاں شہر کے وسط میں قائم تمام بس اور فلائنگ کوچ اڈوں کا منتقل ہونا ناگزیر ہے،اس سے ایک طرف ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کو سہولت ہوگی تو دوسری طرف شہر میں ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔