پاکستان 11مئی کو سعودی عرب میں انوسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کر ے گا

معیشت کی مضبوطی کیلئے انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد ہورہا ہے،خورشید برلاس کی ناصر علی خان سے ملاقات

منگل 12 مارچ 2024 23:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2024ء) گلگت بلتستان کے وزیربرائے منصوبہ بندی ناصر علی خان نے پاکستان ایسوسی آف ایگزبیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین خورشید برلاس اور فہد برلاس کنونیئر ایگزبیشن کی دعوت پر ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،اس موقع پر کنوینرایگزیبیشن فہدبرلاس بھی موجود تھے۔دوران گفتگو چیئرمین خورشید برلاس نے بریف کیا کہ پاکستان ایسوسی آف ایگزبیشن انڈسٹری کے زیر اہتمام 11مئی2024 ء کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جس میں سیاحت، فارما سیوٹیکل، منرلز میڈیکل، سول ایوی ایشن انڈسٹری، ڈیری اینڈ ایگری کلچر، کنسٹرکشن میٹریل، پرائیویٹ ڈویلپیئر، کیپٹل مارکیٹ اینڈ اسٹاک ایکسچینج، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں سے وابستہ مختلف بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

خورشید برلاس نے بتایا کہ سعودی عرب کی معیشت کے کئی شعبوں بشمول سیاحت، فارماسیوٹیکل، طبی آلات، کیمیکل انڈسٹری، رئیل اسٹیٹ اور فوڈ پروسیسنگ سمیت بہت سے شعبوں میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لئے اور پاکستانی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی ناصر علی خان نے خورشید برلاس کی پاکستان میں انوسٹمنٹ کے حوالے سے کی جانیوالی کاوشوں کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ سعودی عرب میں پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس میں بھرپور تعاون او ر شرکت کرینگے۔ وزیر منصوبہ بندی ناصر علی خان نے کہا کہ علاقے میں ٹورازم کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ہمیں ایسے اداروں کی ضرورت ہے جہاں پر اس سلسلے میں لوگوں کو تربیت دی جاسکے تا کہ وہ سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔#