سپریم کورٹ :لاہور بم دھماکے کی غلط خبر نشرکرنے پر 29 چینلز کو عائد جرمانہ کالعدم

بدھ 13 مارچ 2024 20:49

سپریم کورٹ :لاہور بم دھماکے کی غلط خبر نشرکرنے پر 29 چینلز کو عائد جرمانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2024ء) لاہور میں بم دھماکے کی غلط خبر نشر کرنے پر جرمانے کیخلاف 29 ٹی وی چینلز کی اپیلوں پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے پیمرا کی جانب سے عائد فی کس دس لاکھ روپے جرمانہ کالعدم قرار دے دیا اورعدالت نے پیمرا کو معاملے کا ازسرنو جائزہ لینے کا حکم دے دیا ہے اور یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ٹی وی چینلز کو جاری شوکاز نوٹس پر تین ماہ میں کارروائی مکمل کی جائے ،جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ بظاہر پیمرا کی کمیٹی کو کارروائی کا اختیار نہیں ہے، جسٹس منصورعلی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمدعلی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے بدھ کے روزکیس کی سماعت کی۔

اس دوران وکلاء کی جانب سے عدالت کوبتایاگیاکہ سال 2017میں ایک غلط خبرکی وجہ سے بہت سے ٹی وی چینلزکوجرمانہ عائدکیاگیااس کی واضح طورپرجائزہ نہیں لیاگیااس پر عدالت نے پیمراکوہدایت کی ہے کہ ٹی وی چینلزکوجاری شوکازنوٹس کاازسرنوجائزہ لیاجائے عدالت نے اس دوران جرمانہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سال 2017 میں لاہور میں دھماکے کی غلط خبر نشر کرنے پر پیمرا نے جرمانہ عائد کیا تھا۔

پیمرا اتھارٹی کے اجلاس میں ایک غلط خبرچلانے پر معاملے کاجازئہ لیاگیاتھا جس پر لوگوں کی بہت سی شکایات وصول ہوئیں پیمرا نے معاملات کاجائزہ لیاتھااور گلبرگ لاہور میں بم دھماکہ کی غیر مصدقہ خبر چلائی ان میں بہت سے ٹی وی چینل شامل تھے۔ پیمرا اتھارٹی ممبران نے ٹی وی چینلوں کے غیر سنجیدہ اور غیر پیشہ وارانہ رویئے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیمرا اس طرح کی کسی بھی غیر مصدّقہ اور خلافِ حقائق خبر نشر کرنے پر سخت کارروائی کرے گاساتھ ہی ان چینلوں پر فی کس دس لاکھ روپے جرمانہ عائدکیاتھا۔