متوازن خاندان کی سوچ اپنا کر بہتر مستقبل کی جانب قدم بڑھاناہو گا، ثمن رائے

بدھ 13 مارچ 2024 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی پنجاب و چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی پی آئی ایف ثمن رائے نےکہا ہے کہ متوازن خاندان کی نئی سوچ اپنا کر بہتر مستقبل کی جانب قدم بڑھاناہو گاکیونکہ چھوٹے خاندان کی اہمیت و افادیت بارے آگہی وقت کا اہم تقا ضاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور پنجاب وطن عزیز کا گنجان ترین صوبہ ہے۔

اپنے آفس میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کی کوریج بڑھانے کے ساتھ بہتر معیار کی خدمات فراہم کر نے کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈکا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔جو جدید طریقوں کو اپنا کر کلائنٹس کے گھروں تک خدمات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان تمام جدید اقدامات کا مقصد انوویشن پر مبنی کمیونیکیشن اپنا کر خاندانی منصوبہ کی خدمات تک بالخصوص دیہی علاقوں کے رہائشی افراد کی آسان رسائی ممکن بنانا ہے۔

پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ کی جانب سے اہداف کے حصول کیلئے 4نکاتی ایجنڈا متعارف کروایا گیا ہے۔ اس ایجنڈا میں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات میں اضافہ یقینی بنانا، مردوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی ،خاندانی منصوبہ بندی پر آنے والے اخراجات کا خاتمہ اور نوجوان طبقہ پر توجہ مرکوزکرتے ہوئے خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات اورمعلومات ہر فرد تک پہنچانے کیلئے جدید ذرائع ابلاغ سے استفادہ اٹھانا شامل ہے تا کہ عوام کے روئیوں اور سوچ میں مثبت تبدیلی لا کر پنجاب کی آبادی اور وسائل میں توازن کو یقینی بنایا جا سکے۔