پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ، جگہ بھی مختص، سی ڈی اے

بدھ 13 مارچ 2024 20:40

پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ، جگہ بھی مختص، سی ڈی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) سی ڈی اے نے پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک بنانے کا فیصلہ کیاہے ، شہر اقتدار کے سیکٹر جی 10میں 3.3ایکڑ رقبے پر آئی ٹی پارک بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ اس حوالے سے سی ڈی اے نے بتایاکہ آئی ٹی پارک کے حوالے سے پلاٹ بھی مختص کردیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جائے گا۔ پارک کا کورڈ ایریا ایک لاکھ اسکوائر فٹ پر محیط ہوگا، پارک میں 5سے 6ہزار فری لانسرز کام کرسکیں گے۔سی ڈی اے نے کہاکہ آئی ٹی پارک میں فری لانسرز، اسٹارٹ اپس کیلئے ورکنگ اسپیس، سافٹ ویئر ہاسز کیلئے جگہ مختص کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے بتایا کہ آئی ٹی پارک میں لائبریری، آئی ٹی مصنوعات کی نمائش کیلئے جگہ مختص ہوگی،آئی ٹی پارک میں ریسرچ سینٹرز، کانفرنس ہالز، میٹنگ رومز کیلئے جگہ بھی مختص کی جائیگی۔

سی ڈی اے کے مطابق اسلام آباد آئی ٹی پارک بنانے کے تمام اخراجات نجی کمپنیاں برداشت کریں گی، 15سال بعد یہ پارک مکمل طور پر سی ڈی اے کے حوالے بھی ہوجائے گا، پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرائے پر لے کر آئی ٹی دفاتر بنا سکیں گی۔