ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست نمٹا دی

عمران ریاض کیخلاف درج دیگر پانچ مختلف مقدمات منسوخ ہوچکے ‘ سرکاری وکیل نے عدالت میں رپورٹ پیش کی

جمعہ 15 مارچ 2024 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے صحافی عمران ریاض کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست نمٹا دی ۔لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات ڈپٹی اٹارنی جنرل طارق بشیر نے پیش کی۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل کے مطابق عمران ریاض کے خلاف سائبر کرائم لاہور میں ایک، تھانہ سٹی سانگلہ ہل ننکانہ صاحب میں ایک، تھانہ سٹی اٹک اور تھانہ صدر چکوال میں دو مقدمات درج ہیں۔ عمران ریاض کے خلاف درج دیگر پانچ مختلف مقدمات منسوخ ہوچکے ہیں۔عمران ریاض کی وکیل سلمی ریاض عدالت میں پیش ہوئیں۔ ایڈووکیٹ سلمی ریاض نے کہا کہ عدالت وفاقی وزارت داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کرے، جس پر عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے تمام ریکارڈ آچکا ہے۔عدالت نے پیش کردہ رپورٹس کی روشنی میں عمران ریاض کی درخواست نمٹا دی۔