سرکاری قیمت پر یوریا کی دستیابی کو یقینی بنانے اورحکومت سپورٹ کرنے کیلئے کانفرنس کاانعقاد

جمعہ 15 مارچ 2024 20:26

سرکاری قیمت پر یوریا کی دستیابی کو یقینی بنانے اورحکومت سپورٹ کرنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) حکومت کی مقررکردہ قیمتوں پر یوریا کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی کوششوں کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے اینگرو فرٹیلائزرز نے اپنے ڈیلرز سے کہاکہ قیمتوں کے بارے میں کمپنی کی پالیسیوں پر عمل کیا جائے اور کسانوں کیلئے مصنوعات کی دستیابی یقینی بنائیں۔اس سلسلے میں اینگرو فرٹیلائزرز نے کمپنی کی مقرر کردہ قیمت کی پالیسیوں کے نفاذ کیلئے لاہور،ملتان اور حیدر آباد میں ڈیلر کانفرسز کا انعقاد کیا۔

تقریب کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے اینگرو فرٹیلائزرز کے نائب صدر مارکیٹنگ عاطف محمد علی نے کہاکہ اینگرو فرٹیلائزرہمیشہ سے دیانت داری کے اعلیٰ ترین معیار پر عمل پیرا ہے اور اپنے ڈیلرز سے بھی یہی توقع رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

کسانوں کی خوشحالی کیلئے اینگرو کے ڈیلرز کوسرکاری قیمتوں پر یوریا کی دستیابی یقینی بنانی چاہیے۔ اس کے علاوہ کسانوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کوسپورٹ فراہم کرنے کیلئے اینگرو فرٹیلائزرز نے اپنی درآمدی یوریا کی قیمت میںبھی اضافہ نہیں کیا۔

کانفرنس میں ڈیلرز کو گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے اور مختلف فرٹیلائزر کمپنیوں کے درمیان گیس کی قیمتوں کے فرق کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا۔ ملک کی کھاد انڈسٹری کے 60فیصد صلاحیت کے حامل پلانٹس سوئی ناردرن گیس اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک سے گیس حاصل کرتے ہیں اور حکومت نے ان فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے فیڈ اسٹاک گیس کی قیمت 580روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 1597روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی ہے۔

جبکہ اس کے مقابلے میںماڑی نیٹ ورک سے حاصل کرنے والے ملک کی کھاد انڈسٹری کے 40فیصدپیداواری صلاحیت کے حامل فرٹیلائزرز پلانٹس اب بھی 580روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی رعائتی قیمت پر گیس حاصل کررہے ہیں۔ اس امتیازی گیس ٹیرف کے نتیجے میں مارکیٹ میں کھاد کی قیمتوں میں فرق آگیا ہے اور اس وقت مارکیٹ میں کھاد کی مختلف قیمتیں ہیں کیونکہ فرٹیلائزر پلانٹس کیلئے گیس کی لاگت مختلف ہے۔

قیمت کے اس تضاد نے مڈل مین کیلئے 80ارب سے 100ارب روپے کمانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اس موقع پر آل پاکستان فرٹیلائزرڈیلر ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ غلام احمد نے فرٹیلائزرڈیلرز کی جانب سے کہاکہ ملک کے وسیع مفاد میں یہی ہے کہ تمام فرٹیلائزرمینوفیکچررز کو یکساں قیمت پر گیس فراہم کی جائے۔ حکومت کے اس اقدام سے مارکیٹ میں یوریا ایک ہی قیمت پر دستیاب ہوگی اور اس سے مارکیٹ میں قیاس آرائیاں ختم ہوجائیں گی او ر کھاد کی قیمتیں معمول پر آجائیں گی۔

حکومت تمام فرٹیلائزر مینوفیکچررز کو یکساں قیمت پر گیس کی فراہمی کے ذریعے کسانوں کیلئے یوریا کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ 80 ارب سے 100ارب روپے تک کا ریونیوبھی حاصل کرسکتی ہے بصورتِ دیگر سارا منافع مڈل مین حاصل کریں گے۔ اس آمدنی سے صوبائی حکومتیں کسانوں کو براہِ راست سبسڈی فراہم کرسکتی ہیں یا اس آمد نی کو مجموعی زرعی پیداوار ی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے جدید کاشت کاری کی ترقی کیلئے بھی استعمال کرسکتی ہیں۔#