بڑھتی آبادی ہمارے ملک کے لیے خطرہ ہے معاون خصوصی لیاقت علی خان

جمعہ 15 مارچ 2024 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ 2023 تک ہمارے ملک کی آبادی تقریبا 25کروڑ تھی لیکن چند سالوں میں اگر اس رفتار سے اس میں اضافہ ہوتا رہا تو یہ آبادی دگنی ہو جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانسٹیٹیوشن آف کنٹری انگیجمنٹ ورکنگ گروپ کے 32ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس سے دیگر صوبوں سے آئے ہوئے ماہرین اور شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات اٹھانے پر روشنی ڈالی اس موقع پر معاون خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ عوام کو صحت، تعلیم اور پینے کا صاف پانی مہیا کرے کیونکہ یہ عوام کا بنیادی حق ہے ،اگر آبادی مناسب ہو تو عوام کو یہ سب ضروری سہولیات فراہم کرنے میں آسانی ہوگی انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے اپنی آبادی پر کنٹرول حاصل کر کے ترقی کی ہے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم دوسرے ممالک کے ساتھ آبادی کو کنٹرول کرنے میں مقابلہ کریں اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو ہمارا ملک آبادی میں اضافے کی دلدل میں چلا جائے گاانہوں نے کہا کہ محکمہ ایک ٹیم ورک کے تحت اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے اورصوبے کے تمام تر لوگوں میں بڑھتی ہوئی آبادی کے منفی اثرات بارے شعور اور آگاہی پیدا کریں ۔