پانامہ ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کی بریت کی درخواستوں میں نیب کو تیاری اور ریکارڈ جمع کرانے کیلئے وقت دے دیا گیا

جمعہ 15 مارچ 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا کی عدالت نے پانامہ ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کی بریت کی درخواستوں میں نیب کو تیاری اور ریکارڈ جمع کرانے کیلئے وقت دے دیا۔گذشتہ روز حسن نواز اور حسین نواز کی ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

دونوں ملزمان کے پلیڈر رانا عرفان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر افضل قریشی، سہیل عارف اور عثمان مسعود عدالت میں پیش ہوئے۔نیب نے دونوں ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر تیاری اور تینوں ریفرنسز کا ریکارڈ جمع کرانے کیلئے عدالت سے وقت کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے نیب کو 19مارچ تک کا وقت دے دیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت جج ناصر جاوید رانا نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ احتساب عدالت نمبر ایک اور تین کا چارج میرے پاس ہے جبکہ احتساب عدالت نمبر دو کا ڈیوٹی جج ہوں۔

احتساب عدالت نمبر دو کا بھی چارج مل گیا ہے،نوٹیفکیشن ہو جائے گا۔ عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے حسن اور حسین نواز کی تینوں ریفرنسز میں بریت کی درخواستوں پر سماعت19 مارچ تک ملتوی کر دی۔