المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی انسانیت کیلئے خدمات کو چالیس سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد

ہفتہ 16 مارچ 2024 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی انسانیت کیلئے خدمات کو چالیس سال مکمل ہوگئے اس موقع پر ممتازتاجر حمزہ تابانی،دانش امان،زاہدحمید،عامرچھوٹانی نے المصطفیٰ کیلئے فنڈ زریزنگ کی تقریب کا اہتمام کیا۔پروگرام کی صدارت المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے کی ۔

مہمانوں میں سابق صوبائی وزیرصنعت وتجارت یونس ڈھاگا،سی پی ایل سی کے چیئرمین زبیر حبیب،ممتازبزنس مین حنیف گوہر،حنیف خان،حنیف موٹلانی،ترکیہ کی این جی اوٹیکا کے کوآرڈینٹرخلیل ابراہیم شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حاجی حنیف طیب نے کہاکہ ایک ایمبولینس سے شروع ہونے والاانسانی خدمت کاسفر پاکستان کے طول وعرض سے نکل کردنیا بھر میں پھیل چکا ہے ،سیلاب،زلزلہ،جنگ زدہ علاقہ ہو،یاقدرتی آفات ہوالمصطفیٰ کے رضا کارکروڑوں روپے کے امدادی سامان کیساتھ سب سے پہلے پہنچتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یونس ڈھاگانے کہاکہ میراحاجی صاحب سے تعلق چالیس سال سے زیادہ کاہے انہوںنے المصطفیٰ کاجوپودہ لگایاتھا وہ آج ایک پھل داردرخت بن چکا ہے انسانیت اس سے سیراب ہورہی ہے۔حنیف گوہر نے کہاکہ میں نے المصطفیٰ کیساتھ ملکرڈوھڈیال میں جدیدہسپتال بنایاہے جہاں سے علاقہ کے لوگوں کوطبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے اوران شاء اللہ تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

زبیر حبیب نے کہاکہ حاجی حنیف طیب اورالمصطفیٰ پیاسی انسانیت کیلئے ٹھنڈے پانی کا چشمہ ہیںہمارااِن سے تعلق پچاس سالوں پرمحیط ہے ہم سب کوالمصطفیٰ کے کاموں میں تعاون کرناچاہیے ۔خلیل ابراہیم نے کہاکہ المصطفیٰ سے ٹیکا کاتعاون دراصل ترکیہ اورپاکستان کی لازوال محبت اوردوستی کی علامت ہے ۔تقریب کے میزبان حمزہ تابانی نے مہمانوں کا شکریہ اداکیا اورالمصطفیٰ سے بھرپورتعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

المصطفیٰ کے سیکریٹری جنرل احمدرضا طیب نے پروجیکٹرکی مددسے ملک بھر میں المصطفیٰ کے تعلیمی اداروں ،ہسپتال،کالجز،یتیم خانوں،اولڈہومز،مستحق بچیوں کی شادیاں،بیوہ عورتوں کی ماہانہ کفالت کی تفصیلات پیش کیں۔معین خان نے کہاکہ پاکستان سے پولیوکے خاتمہ کیلئے روٹری کلب کے ساتھ حاجی محمدحنیف طیب جوخدمات انجام دے رہے ہیں اس کا شکریہ اداکرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہے ان شاء روٹری اورالمصطفیٰ کا تعاون جاری ہے اوران شاء اللہ تعالیٰ جاری رہے گا ۔آخر میں مہمانوں کو شیلڈ پیش کی گئیں۔