فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا مالی بحران سنگین ہو گیا

ہفتہ 16 مارچ 2024 22:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2024ء) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا مالی بحران سنگین ہو گیا، آدھا ماہ گزرنے کے باوجود کسی افسر یا ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی، رمضان المبارک کے دوران اور عید کے قریب آتے ہی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو آئے روز مالی بحران کا سامنا رہتا ہے، کسی بھی تہوار کے موقع پر ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کرنا پڑتا ہے اور پندرہ روز گزرنے کے باوجود ماہ مارچ کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی جا سکی ہے۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت ستھرا پنجاب کے نام پر ان سے دن رات کام کروا رہی ہے اور ایف ڈبلیو ایم سی کا پورا عملہ دن رات شہر کی صفائی ستھرائی میں مصروف عمل ہے لیکن حکمران انکی مالی پریشانیوں کو دور کرنے کیلئے خاموش بنے بیٹھے ہیں، تنخواہیں نہ ملنے سے ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور دکاندار ادھار دینے سے گریزاں ہیں اور سکولوں میں بچوں کی فیس بھی بروقت ادا نہیں کر سکے اور یوٹیلیٹی بل بروقت ادا نہ ہونے سے مزید جرمانہ عائد ہو چکا ہے اور ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ایف ڈبلیو ایم سی ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر ان کو جلد تنخواہوں کی ادائیگی نہ کی گئی تو وہ احتجاج کرتے ہوئے کام بند کر دینگے۔ جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پنجاب پر ہو گی۔