جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا فدا احمد ڈول انتقال کر گئے، سیاسی ،سماجی اور مذہبی رہنمائوں کا اظہار افسوس

جنازہ نماز درگاہ بیر شریف کے سجادہ نشین سائیں عبدالعزیز قریشی نے پڑھائی،بڑی تعداد میں مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں، شہریوں اور کارکنان کی شرکت

ہفتہ 16 مارچ 2024 21:25

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا فدا احمد ڈول انتقال کر گئے، جنازہ نماز درگاہ بیر شریف کے سجادہ نشین سائیں عبدالعزیز قریشی نے پڑھائی، بڑی تعداد میں مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں، شہریوں اور کارکنان کی شرکت تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ضلع جیکب آباد کے سینیئر نائب امیر مولانا فدا احمد ڈول اس فانی دنیا سے 53 سال کی عمر میں دل کے دورے کے باعث وفات پاگئے، درگاہ بیر شریف کے سجادہ نشین مولانا عبد العزیز قریشی نماز جنازہ کی امامت کی، جس میں سیاسی، مذہبی رہنمائوں اور بڑی تعداد میں شہریوں سمیت جے یو آئی سندھ کے نائب امیر سید سراج احمد شاہ امروٹی، درگاہ ہالیجوی شریف کے سائیں عبدالمنان ہالیجوی، بزرگ مولانا عبدالباقی آف کوئٹہ، درگاہ جرار پہوڑ کے مولانا عبداللہ، ضلعی امیر اور شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، مرکزی شوریٰ کے رکن مولانا عبداللہ جتک، چیمبرس آف کامرس کے احمد علی بروہی، شیعہ علماء کونسل کے بندہ علی جعفری، مہران سوشل فورم کے ایڈوکیٹ عبد الحئی سومرو، سید شاہ محمد شاہ، سید عبدالباسط شاہ،مولانا شمس الدین معززین منصب علی خان جکھرانی، نورالرحمان خان جکھرانی، مولانا عبدالجبار رند، حافظ میر محمد بنگلانی، مولانا نصرااللہ گھنیو، چاکر خان جکھرانی اور دیگر نے شرکت کی، مرحوم ایک خداپرست اور انسان دوست شخصیت تھے، انہوں نے پوری زندگی دین کی سربلندی اور غریبوں کی خدمت میں گذاری، انہوں نے برسات کی تباہ کاریوں میں فلاحی اداروں کے تعاون سے سینکڑوں گھر بناکر دیئے، ان کے والد مرحوم مولانا فیض محمد ڈول بڑے عالم تھے جنہوں نے جیکب آباد میں مدرسے قاسم العلوم ادارے کا بنیاد رکھا، جس میں طلبہ اور طالبات کو دینی اور دنیاوی تعلیم پڑہائی جاتی ہے، جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد، سابق وفاقی وزیر محمد میاں سومرو، صوبائی اسمبلی کے ارکان ڈاکٹر سہراب سرکی، شیر محمد مغیری اور دیگر نے مرحوم کے ورثا سے فون پر تعزیت کی، مولانا فدا احمد کے بھائی در محمد ڈول، مفتی کفایت اللہ ڈول، فرزندان سراج احمد ڈول، شعیب احمد ڈول اور حسین احمد ڈول تعزیت وصول کر رہے ہیں۔