کراچی کا ایک اور نوجوان بے رحم ڈاکوئوں کا نشانہ بن گیا

رواں برس ڈکیتوں کی فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد40ہوگئی

اتوار 17 مارچ 2024 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) کراچی میں ایک اور جوان ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا،عیسی نگری میں ڈکیتوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس پر فرحان دوران علاج جان کی بازی ہار گیا۔رواں برس ڈکیتوں کی فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد40ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق عیسیٰ نگری میں فرحان اپنے دوست شعیب کے ہمراہ گھر کی طرف آ رہا تھا، کہ اسی دوران ڈکیتوں کی جانب سے ان کا تعاقب کیا گیا تھا۔

ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے شعیب اور فرحان زخمی ہو گئے تھے تاہم دوران علاج فرحان دم توڑ گیا تھا۔مقتول کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ مقتول کے گھر عزیز و اقارب اور رشتہ داروں کی آمد جاری ہے۔زخمی دوست شعیب نے بتایاکہ ہم عیسی نگری سے گھر آرہے تھے، فرحان موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا تھا، فرحان نے کہا ڈاکو آگئے ہیں، ڈاکوئوں نے ہمیں روکنے کی کوشش کی، موٹرسائیکل تیز کرنے پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

مقتول فرحان کے بھائی نے بتایاکہ فرحان شادی شدہ تھا لیکن اولاد نہیں ہے۔ فرحان کا دودھ کا کاروبار تھا، لین دین کے باعث رات میں نکلتا تھا۔فرحان کے اہلخانہ نے کہاکہ ڈاکو آزاد ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ہم پر کیا گزر رہی ہے گھر اجاڑ دیا۔اہلخانہ نے مطالبے میں کہا کہ ڈاکوئوں کو سر عام سزا دینی چاہیے۔ہم غیر محفوظ ہیں خوف کا شکار ہیں۔ دوسری جانب واقعہ کا مقدمہ پی آئی بی کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام نے بتایاکہ مقدمہ زخمی شعیب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔واضح رہے رواں سال ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 40 شہری اپنی جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں۔