ضلعی دفترمحکمہ بہبود آبادی اوکاڑہ نے 18 تا 23 مارچ 2024 ہفتہ فیملی پلاننگ کو بھر پور انداز میں منانے کیلئے خصوصی مرتب کردہ پلان جاری کردیا

پیر 18 مارچ 2024 17:12

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) پنجاب بھر کی طرح ضلعی دفتر محکمہ بہبود آبادی اوکاڑہ نے بھی 18 تا 23 مارچ 2024 ہفتہ فیملی پلاننگ کو بھر پور انداز میں منانے کیلئے خصوصی مرتب کردہ پلان جاری کردیا ہے جس کے مطابق 18 مارچ بروز سوموار ہفتہ فیملی پلاننگ کا مقامی سطح پر با قاعدہ آغاز ضلع بھر کے فلاحی مراکز اور فیملی ہیلتھ کلینکس پر ماں بچے کی صحت کے حوالے سے آگاہی سیشنز کے انعقاد سےکیا جا رہا ہے۔

19 مارچ کو فیملی ہیلتھ موبائل یونٹس، تحصیل اوکاڑہ اور دیپالپور میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کریں گے۔ 20 مارچ کو تعلیمی اداروں میں آبادی اور ترقی کے عنوان سے لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔ 21 مارچ ضلعی دفتر محکمہ بہبود آبادی اوکاڑہ میں خصوصی سیمینار منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں آبادی میں اضافے سے پیدا ہونے والے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا، ماں بچے کی بہتر صحت کے حوالہ سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں مؤثر آگاہی فراہم کی جائے گی۔

سیمینار کے اختتام پر ضلعی دفتر بہبود آبادی سے علی ٹرسٹ فری آئی ہسپتال تک خصوصی واک کا اہتمام کیا جائے گا اور تحصیل دیپالپور اور رینالہ خورد میں بھی آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد ہوگا۔22 مارچ کو یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں فیکلٹی کے ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کے مضمرات اور محکمہ بہبود آبادی کی آگاہی مہم میں سوسائٹی کے مجموعی کردار کے عنوان پر سیشن کا انعقاد ہوگا۔ 23 مارچ کو یوم پاکستان تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں عوامی آگاہی مہم کے تحت تینوں تحصیلوں میں محکمہ کے پیغامات پر مبنی پینافلیکس بھی نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔\378