ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کے باعث خطہ پوٹھوہار کی زراعت کو فروغ حاصل ہوا،ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی)

پیر 18 مارچ 2024 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی) پنجاب ملک محمد اکرم کے ہمراہ ورلڈ بینک کے مشن نے راولپنڈی اور چکوال کا دورہ کیا اور محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری منصوبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس مشن کی سربراہی ورلڈ بینک کی سینئر ایگریکلچرل سپیشلٹ مریم چوہدرون اور فرامیش انیس سینئر واٹر ریسورس سپشلسٹ کر رہے تھے۔

اس موقع پر اصلاح آبپاشی کے ڈائریکٹر جنرل ملک محمد اکرم نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب آبپاش زراعت کے منصوبہ کی کامیاب تکمیل ہوئی جس کے ذریعے راولپنڈی ڈویژن میں 20 ہزار6 سو49 ایکڑ رقبے پر ڈرپ اینڈ سپرنکلر نظام آبپاشی اور سولر سسٹم کی تنصیب کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ 1193لفٹ ایکشن سکیمز بنائی گئی اور 562 آبی تالاب تعمیر کیے گئے۔

خطہ پوٹھوار میں اس منصوبہ کے دو رس نتائج مرتب ہوئے۔ راولپنڈی ڈویژن ایک بارانی علاقہ ہے جہاں پر فصلوں کو پانی کی دستیابی صرف بارشوں پر منحصر تھی۔ پنجاب آبپاش زراعت کے منصوبہ کے ذریعے اس خطہ میں آبپاش زراعت کو فروغ ملا۔ اس منصوبہ کے تحت باغات کے رقبہ کو بڑھانے میں مدد ملی۔ ڈرپ اریگیشن سسٹم کے ذریعے ہی زیتون کی کاشت کو اس خطے میں کامیاب بنانے میں مدد ملی۔

اس منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو 60 فیصد سبسڈی دی گئی تھی۔ اس منصوبہ کی کامیابی کے بعد ورلڈ بینک کے تعاون سے گزشتہ سال ایک اور منصوبہ شروع کیا گیاجسے زرعی پیداوار میں اضافہ کا انقلابی منصوبہ کہا جاتا ہے۔ اس منصوبہ میں کاشتکاروں کو جدید نظام آبپاشی اور دیگر سکیموں پر 75 فیصد سبسڈی دی گئی ہے۔ اس منصوبہ میں کاشتکاروں کی فصلات کی پیداوار سے زرعی مصنوعات کی تیاری بھی اس منصوبہ کا حصہ ہے۔ اس منصوبہ سے کاشتکاروں کی معیشت پر بہت ہی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور بے روزگاری کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سال راولپنڈی ڈویژن میں 3360 ایکڑ رقبہ کو آبپاشی کیقابل بنایاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :