بنگلہ دیش نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، رشاد حسین میچ اور نجم الحسن شنٹو سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

پیر 18 مارچ 2024 22:48

چٹوگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2024ء) بنگلہ دیش نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے، میزبان ٹیم نے سری لنکا کا 236 رنز کا ہدف 41ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، نشاد حسین کو شاندار آل رائونڈ پرفامنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور نجم الحسن شنتو کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پیر کو چٹوگرام میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں مہمان سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 235 رنز بنا سکی، جنیتھ لیانگے نے شاندار سنچری سکور کی، وہ 101 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، دیگر بیٹرز میں چارتھن اسالنکا 37، کپتان کوسل مینڈس 29 اور مہیش تھیکشانا 15 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی طرف سے تسکین احمد نے 3، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن میراز نے دو دو کھلاڑیوں و آئوٹ کیا جبکہ سومیا سرکار اور رشاد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش نے سری لنکا کا 236 رنز کا ہدف 40.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، اوپننگ بیٹر تنزید حسن نے 81 بالوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ رشاد حسین نے 18 بالوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست طوفانی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، دیگر بیٹرز میں مشفیق الرحیم 37، توحید ہریدوئے 22 اور مہدی حسن 25 رنز بنا سکے۔ سری لنکن بائولر لہیرو کمارا نے 48 رنز کے عوض 4 اور ونیندو ہسارنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔