گورنرخیبرپختونخوا ،میئرپشاور کادورہ رامداس بازار ،تاجربرادری اورعوام سے ملاقات

پیر 18 مارچ 2024 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2024ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ ٹیکنیکل اور فنی تعلیم وقت کی ضرورت ہے ،ٹیکنیکل ایجوکیشن کسی بھی معاشرے کے معاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے۔فنی تعلیم کے شعبہ کے فروغ کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضروری ہے تاکہ بہترین ہنر مند افرادی قوت تیار کی جاسکے جو کہ ملک وقو م کو ترقی یافتہ اقوام کی فہرست میں لاکھڑا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کی تعلیم دور حاضر میں ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، موجودہ دورجدید ٹیکنالوجی کا دور ہے اس دور کی سب سے بڑی ضرورت فنی مہارت اور صنعتی پیشہ وارانہ تعلیم ہے۔ ٹیکنیکل کالجزکے اساتذہ کیلئے پیشہ ورانہ تربیت انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روز گورنرہاوس پشاور میں چیئرمین بورڈآف ٹیکنیکل اینڈکامرس ایجوکیشن پروفیسر ریاض محمد کی سربراہی میں نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں جہانگیر، محمدعثمان اور دیگرشامل تھے۔چیئرمین پروفیسرریاض محمدنے اس موقع پر گورنر کو بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔چیرمین نے بتایاکہ صوبے میں 45 ٹیکنیکل اینڈکامرس کالجز اور ووکیشنل سنٹرز قائم ہیں جن سے سالانہ 40 ہزار بچے ٹیکنیکل اینڈکامرس ایجوکیشن میں دوسالہ ڈپلومہ مکمل کرکے فارغ التحصیل ہورہے ہیں۔

اس کے علاوہ بورڈ کے زیراہتمام 22 مختلف شعبوں میں بھی فنی اور تکنیکی تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔ اس موقع پر گورنرنے کہاکہ اقوام عالم کا ہروہ ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جس نے فنی مہارت حاصل کی ہے اوراس امرپرزوردیا کہ ہمیں بھی ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔نوجوانوں کی فنی تعلیم و تربیت سے نہ صرف ملک کی صنعت و حرفت اور زراعت کی ترقی میں قابل قدر اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ نوجوانوں کو فنی تعلیم سے ہم آہنگ ہونے پر اندرون اور بیرون ملک میں روزگار کے مواقع میں بے حد وسعت پیدا ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکنیکل کالجز میں تعلیمی مقصد کیلئے زیراستعمال ٹیکنالوجی کو دورجدید کے مطابق اپ گریڈ کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور چیئرمین کو کہاکہ ایسے شکایات سامنے آرہے ہیں کہ کہ کالجز کیلئے مٹیریل کی سپلائی بھی بندہے ۔ علاوہ ازیں گورنرحاجی غلام علی نے گذشتہ روز میئرپشاور حاجی زبیرعلی کے ہمراہ اندرون شہر رامداس بازار کا دورہ کیا اور تاجرو ں اور عوام سے ملے اور حال ہی میں بازار کی خوبصورتی اور عوام کی سہولت کیلئے فرش بندی اورٹف ٹائلز کامعائنہ کیا۔ تاجر برادری نے بازار کی خوبصورتی کیلئے ٹف ٹائلز اور فرش بندی پر میئرپشاور کاشکریہ ادا کیا اور بازار میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کیلئے کیمرے نصب کرنے کامطالبہ بھی کیا۔