حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا قائد اعظم رینجرز سکول کا دورہ

منگل 19 مارچ 2024 16:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2024ء) حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے قائد اعظم رینجرز سکول کا دورہ کیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، ہمارے پاس ویژن ہونا چاہئے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی خدمت کریں، پڑوسی ملک چین کی آئی ٹی اکنامی ساڑھے چھ ہزار ٹریلین ڈالر ہے، دنیا کی دس بڑی کمپنیوں میں سے سات کا تعلق آئی ٹی کے شعبے سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ریسورسز موجود ہیں، ہمیں آئی ٹی کے شعبے پر فوکس کرنا چاہئے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی)نے آئی ٹی کے شعبے میں مزید آسانیاں پیدا کردی ہیں، ہمیں ملک کو مستحکم کرنے کے لئے سخت محنت اور لگن سے کام کرنا ہو گا۔ قبل ازیں قائد اعظم رینجرز سکول کے پرنسپل کاشف درانی نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم رینجرز اسکول شعبہ تعلیم میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے، بچوں کو بہترین ماحول اور جدید تعلیم دی جارہی ہے۔ اس موقع پر حیدرآباد چیمبر کے اراکین احسن ناغڑ، محمد عدنان خان، نواب الدین قریشی سمیت طلبہ طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔