نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، ہمارے پاس ویژن ہونا چاہئے ،عدیل صدیقی

منگل 19 مارچ 2024 23:06

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2024ء) حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، ہمارے پاس ویژن ہونا چاہئے کہ اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک کی خدمت کریں، پڑو سی ملک چائنہ کی آئی ٹی اکنامی ساڑھے چھ ہزار ٹریلین ڈالر ہے، دنیا کی دس بڑی کمپنیوں میں سے سات کا تعلق آئی ٹی کے شعبے سے ہے۔

قائد اعظم رینجرز اسکول کے دورے پر طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ریسورسز موجود ہیں، ہمیں آئی ٹی کے شعبے پر فوکس کرنا چاہئے، آرٹی فیشل انٹیلی جنس نے آئی ٹی کے شعبے میں مزید آسانیاں پیدا کردی ہیں، ہمیں ملک کو ڈلیور کرنے کے لئے سخت محنت اور لگن سے کام کرنا ہو گا، معا شی حالات آپ کے سامنے ہیں آپ کو کلیدی عہدوں پر فائز ہو کر پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسکول کے پرنسپل کاشف درانی نے حیدرآباد چیمبر کے صدر عدیل صدیقی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم رینجرز اسکول شعبہ تعلیم میں گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے، بچوں کی تعلیم کے لئے بہترین ماحول اور جدید علوم سے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں۔ اس موقع پر حیدرآباد چیمبر کے ارکان احسن ناغڑ، محمد عدنان خان، نواب الدین قریشی سمیت طلبہ طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔