اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، 30 کلو گرام منشیات برآمد، 6 ملزمان گرفتار

بدھ 20 مارچ 2024 10:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 6 کاروائیوں میں 30 کلو گرام منشیات برآمدکرکے 6 ملزمان گرفتارکر لیے۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق ٹی سی ایس آفس راولپنڈی میں لاہور بھیجے گئے پارسل سے 1.2 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔ راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں تھائی لینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 1943 نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں۔

(جاری ہے)

پشاور ائیرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 85 آئس بھرے کیپسولز برآمدکیے گئے۔مکران کوسٹل ہائی وے حب میں دو ملزمان سے 13 کلو گرام ہیروئن ، 9 کلوگرام چرس اور 980 گرام آئس برآمدکی گئی۔تاندلیانوالہ روڈ فیصل آباد کے قریب دو خواتین سے 1.5 کلو گرام افیون اور 1.2 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔جامشورو میں ملزم سے 2 کلو گرام چرس برآمدکی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔