کوہاٹ پولیس کی کارروائی میں مغوی خاتون بازیاب،اغواکارگرفتار

بدھ 20 مارچ 2024 13:36

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) کوہاٹ پولیس نے پشاور سے اغوا ہونے والی خاتون کو بازیاب کرکے اغواء کار کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر رازگیر بانڈہ میں کارروائی کے دوران اغوا واردات میں ملوث ملزم عمران سکنہ متنی کو حراست میں لیکران کے قبضے سے مغوی خاتون مسماۃ عصمہ کو بازیاب کرالیا گیا ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او کوہاٹ محمد عمر خان کو ملنے والی اطلاع پر اے ایس پی محمد طلحہ عارف اور ایس ایچ اوتھانہ بلی ٹنگ ایوب جنان کی قیادت میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس میں پشاور پولیس نے بھی حصہ لیا ۔مبینہ اغواکار نے شادی شدہ خاتون کو پھندو روڈ پشاور کے علاقے سے ورغلا کر اغوا کر نے کے بعد کوہاٹ منتقل کر دیا تھا۔مغوی خاتون کے اغواء کا مقدمہ تھانہ چمکنی پشاور میں مبینہ اغوا کار کے خلاف درج ہے ۔کارروائی میں پکڑے گئے ملزم کو تھانہ بلی ٹنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ملزم کو ابتدائی قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد پشاور پولیس کےحوالے کیا جائے گا۔