اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر چیف سیکرٹری (کل)پشاور ہائیکورٹ طلب

بدھ 20 مارچ 2024 17:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) پشاور ہائی کورٹ نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے رمضان میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ پر چیف سیکریٹری، سیکریٹری فوڈ اورڈی جی خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو (کل) جمعرات کو طلب کرلیا۔ذخیرہ اندوزی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد نے کی، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر، خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی اور محکمہ خوراک کے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل درخواست گزار عباس سنگین نے دلائل د یے کہ ہر چیزکی قیمت ڈبل کردی گئی ہے، نرخ نامے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ دو چار بندوں کو پکڑ کر فیس بک پر تصاویر ڈالنے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا، حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا کہ آپ لوگ اس مسئلے کو سنجیدہ کیوں نہیں لیتے۔

جسٹس وقار احمد نے دلائل دیے کہ یہ اتنا اہم مسئلہ ہے، تین تاریخیں ہوگئیں آپ لوگ رپورٹ جمع نہیں کرا رہے، جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ عام دنوں میں بھی سرکاری نرخ نامہ پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔وکیل درخواست گزار عباس سنگین ایڈوکیٹ نے دلائل دیے کہ سرکاری نرخ نامہ میں قیمت ایک ہوتی ہے اور مارکیٹ میں کچھ اور ہوتی ہے۔عدالت نے ہدایت دی کہ چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران (آج) جمعرات کو آجائیں اور بتادیں کیا اقدامات کیے ہیں۔