مرکزی مسلم لیگ لاہور کی جانب کینال روڈ مغل پورہ میں ہزاروں افراد کے لیے گرینڈ سحری کا اہتمام

بدھ 20 مارچ 2024 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2024ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کی جانب سے کینال روڈ مغل پورہ پر گرینڈ سحری کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شالیمار، تاج باغ،مغل پورہ دھرم پورہ، اور ہربنس پورہ سمیت سے ہزاروں لوگوں کے گھروں میں سحری پہنچائی گئی۔مرکزی مسلم لیگ کی گرینڈ سحری میں 10 ہزار افراد کے لیے انتظام کیا گیا۔ جبکہ لال پل کینال روڈ پر 1200 مرد وخواتین کے لیے باقاعدہ پنڈال سجایا گیا تھا۔

جہاں شہریوں نے اپنی فیملی کے ہمراہ سحری کی۔ گرینڈ سحری میں 250 دیگیں پکائی گئی۔ سحری میں آلو کوفتہ، چکن قورمہ، روغنی نان سادہ روٹی اور چائے کا انتظام کیا گیا تھا۔ لال پل کینال روڈ پر ہونے والی گرینڈ سحری میں مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو،لاہور ڈویڑن کے صدر چوہدری محمد سرور،جنرل سیکرٹری لاہور انجنئیر حارث ڈار،حافظ عمر گجر، عزیر رفیق ،امیدوار پی پی 153 عمر عبداللہ، سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے پنڈال میں موجود افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ لاہور کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے زندہ دلان لاہوریوں کے لیے گرینڈ سحری کا ٹرینڈ لانچ کیا ہے۔مرکزی مسلم لیگ یونین کونسل کی سطح پر سحری کے کچن چلا رہی ہے۔ملک بھر میں سحرو افطار کے ہزاروں دسترخوان اپنی مدد آپ کے تحت چلا رہے ہیں۔

عوام کی حالت زار یہ ہے کہ ہم ان کے پاس سحری لیکر پہنچتے ہیں تو لوگ روزی رکھتے ہیں۔رمضان المبارک کو حقیقی خدمت کا رمضان بنا رہے ہیں۔ ہماری سیاست خدمت انسانیت کی کسی نے مثال دیکھنی ہوتو یہ پنڈال دیکھ سکتا ہے۔ لاہور ڈویڑن کے صدر چوہدری محمد سرور نے گرینڈ سحری میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ حقیقی عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔

پورے لاہور میں گرینڈ سحریوں کا اہتمام کررہے ہیں۔ ہم وہی سیاست کر رہے ہیں جو مسلم حکمرانوں کا شیوہ رہی ہے۔جنرل سیکرٹری لاہور انجنئیر حارث ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے کارکنان کی تربیت خدمت پر کی ہے یہی وجہ ہے کہ لاہور کی ہر تحصیل میں گرینڈ سحری کرکے عوام کو سحری کی ترغیب دے رہے ہیں۔اسی سلسلے میں 23 مارچ کو مینار پاکستان کے سائے تلے پاکستان کی سب سے بڑی گرینڈ سحری کا اہتمام کریں گے۔ زندہ دلان لاہور کو دعوت دیتے ہیں کہ 23 مارچ کو ہمارے ساتھ سحری کریں۔