Live Updates

رمضان ریلف پیکج کی مانیٹرنگ کے حوالے سے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس

بدھ 20 مارچ 2024 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلف پیکج کی مانیٹرنگ کے حوالے سے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویڑنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں رمضان پیکج پر عملدرآمد، اشیائ ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام کی سہولت کے لئے رمضان اور ماڈل بازاروں میں خریداری کاؤنٹرز بڑھا نے کا فیصلہ کیا گیا اور صوبائی وزرائ نے ڈویڑنل کمشنرز کو پولڑی کے ریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر مانٹر کرنے،سپلائی کو بہتر بنانے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان پیکج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر جاری ہے۔اب تک 40 لاکھ 62ہزار سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جاچکا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مارکیٹ میں پیاز کی سپلائی بہتر ہوئی ہے،فالتو سٹوریج کے لئے اقدامات کئے جائیں مزید براں ماڈل بازاروں میں آٹے کے سٹائلز پر وزن کرنے والے اوزان لگائے جائیں۔

صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔ وزیر زراعت نینگہبان رمضان پیکج کے لئے غیر مصدقہ گھرانوں کی تصدیق کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ مارکیٹ میں پیاز ، الو اور ٹماٹر کی سپلائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات