عازمین حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عیدالفطر کے بعد شروع ہو گا، وزارت مذہبی امور

جمعرات 21 مارچ 2024 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2024ء) عازمین حج کی لازمی تربیت کا دوسرا مرحلہ عیدالفطر کے بعد شروع ہو گا۔ جمعرات کو یہ بات وزارت مذہبی امور کے چیف حج ٹرینر احمد ندیم خان نے سٹیئرنگ کمیٹی برائے تربیت حجاج کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزارت کے ڈپٹی سیکرٹریز ناصر عزیز، جان بہادر و دیگر افسران جبکہ حاجی کیمپوں کے سربراہ زوم میٹنگ کے ذریعے شریک ہوئے ۔

اجلاس میں عازمین حج کو انتظامی امور اور مناسک حج سے بہترین آگاہی اور سفر حج کی مشکلات سے درست واقفیت کیلئے تربیتی ورکشاپس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ چیف حج ٹرینر احمد ندیم خان نے حج تربیتی شیڈول کو حتمی شکل دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کے افسران اور ماہر عملہ عازمین حج کو تربیت اور رہنمائی مہیا کرے گا۔

(جاری ہے)

عیدالفطر کے فوری بعد حج تربیت کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے گا جس میں تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں حج تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔

عازمین حج کی جامع تربیت ملٹی میڈیا پروجیکٹرز کی مدد سے مکمل کی جائے گی۔ حج تربیت گاہوں میں وادی منیٰ کی طرز کے ماڈل کیمپ لگائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام عازمین حج کیلئے کم ازکم دو تربیتی ورکشاپس میں شرکت لازم ہے۔ نیز سمندر پار پاکستانی حج روانگی سے قبل اپنے متعلقہ حاجی کیمپ سے تربیت حاصل کریں گے۔ اجلاس میں عازمین حج کی پروازوں سے پہلے مناسک حج سے متعلق زبانی یا تحریری امتحان لینے کی تجویز بھی زیر غور آئی جس میں امتحان میں ناکام ہونے والے عازمین حج کی پرواز موخر کرنے اور تیسرا تربیتی سیشن دینے کی تائید کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :