شاہد آفریدی اپنے نام سے منسوب جعلی پیغامات سے تنگ آگئے

مجھے اگر کوئی بات کرنی یا بیان دینے کی ضرورت ہوئی تو اُس کے لیے میڈیا اور میرا ایکس (ٹویٹر) ہینڈل موجود ہے : ٹویٹر پیغام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 مارچ 2024 16:26

شاہد آفریدی اپنے نام سے منسوب جعلی پیغامات سے تنگ آگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2024ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی اپنے نام سے منسوب جعلی پیغامات سے تنگ آگئے جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا شمار ان عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز میں ہوتا ہے جو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے سالوں بعد بھی میڈیا کی زینت بنے رہتے ہیں اور دنیا میں آج بھی ان کے کروڑوں چاہنے والے ہیں تاہم ایک بات ایسی ہے جس سے شاہد آفریدی بہت تنگ آگئے ہیں۔

شاہد آفریدی سوشل میڈیا پر اپنے نام سے منسوب جعلی پیغامات سے تنگ آ گئے ہیں اور اس کا اظہار انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ایک جاری بیان میں کیا ہے۔

(جاری ہے)

بوم بوم آفریدی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’’بار بار میرے نام سے جعلی پوسٹ یا خبریں بنانے والوں سے التماس ہے کہ اپنی توانائیاں کسی مثبت کام میں لگائیں تاکہ یہ کام کسی اور کیلیے نہیں بلکہ کم سے کم اُن کے اپنے لیے تو فائدہ مند ثابت ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اگر کوئی بات کرنی یا بیان دینے کی ضرورت ہوئی تو اُس کے لیے میڈیا اور میرا ایکس (ٹویٹر) ہینڈل موجود ہے‘‘۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر آئے دن شاہد آفریدی کے نام سے منسوب پیغامات جاری ہوتے رہتے ہیں جن سے سابق آل راؤنڈر کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔