سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سیّد عطاء الرحمٰن سے مفتی اعظم بوسنیا و ہرزیگووینا ڈاکٹر حسین کی ملاقات

جمعہ 22 مارچ 2024 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن سے جمعہ کومفتی اعظم بوسنیا و ہرزیگووینا ڈاکٹر حسین نے ملاقات کی جس میں بوسنیا کے سفیر، اعزازی قونصل جنرل بوسنیا اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری مذہبی امور عالمگیر خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں جانب سےقیام امن، تعلیم،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سیکرٹری مذہبی امور نےبوسنیائی وفد کو فتویٰ پیغام پاکستان اور خطباتِ قومی سیرت النبی کانفرنس کے انگلش تراجم پیش کیے ۔سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ بوسنیا کے عوام سے تہذیبی ، تاریخی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔مذہبی تعلیم، اہم کتب کےتراجم ، وفود کے تبادلوں اور دو طرفہ تعاون کیلئے ایم او یو کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

حکومتی اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

بوسنیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر حسین نے کہا کہ بوسنیا میں قیام امن اور یو این فلاحی مشنز میں پاکستانی خدمات پر شکر گذار ہیں ۔بوسنیا میں کئی کلیدی عہدوں پر تعینات شخصیات نے پاکستان سے تعلیم حاصل کی ہے۔ پاکستان اور بوسنیا کے عوام مضبوط رشتے میں بندھے ہیں۔حج ، اوقاف ، مذہبی تعلیم کے سلسلے میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں: مفتی اعظم بوسنیا نےاپنے پاکستانی بھائیوں کو رمضان المبارک اور یوم آزادی کی مبارکباد دی۔