رہنما پی ٹی آئی شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کیس

جمعہ 22 مارچ 2024 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے رہنما پی ٹی آئی شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز ، ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کی سزا 7 مئی تک معطل کردی ہے۔ یہ حکم جمعہ کو چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری آرڈر میں کیاہے جس میں عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے 7 مئی کو اپیل مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یکم مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں توہین عدالت پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کو 6 ماہ، ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ اور ایس ایچ او کو 2 ماہ قید کی سزا سنادی تھی۔فیصلے میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ہیں۔20 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو ڈپٹی کمشنر عرفان نواز کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔