وزیر داخلہ کا بھکاری مافیا اورمنشیات گینگز کیخلاف کارروائی کا حکم

تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں، منشیات فروش مستقبل کے دشمن ہیں ان کے خلاف سخت ترین ایکشن ہوگا۔ محسن نقوی کی اجلاس میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 اپریل 2024 16:27

وزیر داخلہ کا بھکاری مافیا اورمنشیات گینگز کیخلاف کارروائی کا حکم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل 2024ء ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھکاری مافیا اورمنشیات گینگز کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس میں بھکاری مافیا اور منشیات گینگز کیخلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، اجلاس میں وزیر داخلہ کو امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اجلاس میں وزیر داخلہ نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کے خلاف کریک ڈان کا حکم دیا، وزیر داخلہ نے بھکاری مافیا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کا حکم دیا، وزیر داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، محسن نقوی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کو پکڑا جائے، تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں، منشیات فروش مستقبل کے دشمن ہیں ان کے خلاف سخت ترین ایکشن ہوگا، ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر اور مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، ایف آئی آر کے اندراج کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے، ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو بھی فوری نمٹانے کا حکم دیا، ان کا کہنا ہے کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنی چاہیے، پروموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی، اسی طرح اسلام آباد پولیس میں تمام خالی اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے، ا سلام آباد سیف سٹی کا نظام لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہوگا، اسلام آباد میں تھانوں کی حالت بہتر کر رہے ہیں چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے، اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کیا ہے، ٹریفک زیادہ جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کر کے قابل عمل حل تجاویز دی جائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کےخلاف کریک ڈاﺅن کا جلد فیصلہ کیا جائے گا، کارڈ ہولڈر افغان باشندوں کو 3 ماہ کی ایکسٹینشن دی گئی ہے،آئی جی اسلام آباد نہ تو سوتے ہیں اور نہ ہی کسی کو سونے دیتے ہیں، ہمارے لئے اسلام آباد میں کرائم کی شرح کو نیچے لانا سب سے ضروری ہے، پنجاب میں کرائم 30 فیصد نیچے لا سکتے ہیں تو اسلام آباد میں بھی کرائم نیچے لا سکتے ہیں، 3 ماہ میں اسلام آباد کے تھانوں کی صورتحال تبدیل کریں گے، اسلام آباد کے تھانوں میں بہتری لانی ہے آئندہ دنوں میں آپ بہتریں دیکھیں گے، وزارت داخلہ کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان پر کام کا جلد آغاز ہوگا۔