فیسکو ریجن ، 29فروری تک نئے کنکشنزکی درخواستوں کیلئے ضروری میٹریل، میٹر اور تار جاری

ہفتہ 23 مارچ 2024 14:14

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیرمحمدعامرنے کہاہے کہ فیسکو ریجن میں 29فروری تک نئے کنکشنزکی درخواستوں کیلئے ضروری میٹریل، میٹر اور تار جاری کر دیئے گئے ہیں جو 31مارچ تک لگا دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں بھمب اور نواحی علاقوں میں وولٹیج کی کمی کی شکایت کے ازالے کیلئے 500کے وی فیصل آبادویسٹ گرڈسے دو نئی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں جن کی تکمیل جون تک ہو جائے گی اور یہ مسئلہ،مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔

یہ باتیں انھوں نے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں فیس بک پر منعقدہ ای کچہری کے موقع پر کہیں۔کھلی کچہری میں عوام الناس کی طرف سے فیسکو میں نئی بھرتیوں کے حوالے سے پوچھے گیے سوالات کے جواب میں انھوں نے کہاکہ فیسکو بھرتیاں حکومتی پالیسی اور اجازت سے مشروط ہیں فی الحال پاور سیکٹر میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد ہے تاہم بعض نوسرباز عناصر سادہ لوح اورمجبور لوگوں کو جعلی اشتہار کے ذریعے بھرتیوں کا جھانسہ دیکر پیسے بٹور رہے ہیں جو بالکل غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

عوام الناس ان سے خبردار رہیں۔انھوں نے کہا کہ صارفین کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ان کی شکایات کے فوری اندراج اورازالہ کیلئے ہیلپ لائن 118اور ایس ایم سروس 8118چوبیس گھنٹے کام کررہی ہے۔علاوہ ازیں موبائل ایپ ''فیسکو لائٹ''کے ذریعے صارفین کو نئے کنکشن،لوڈ کی تبدیلی،نام کی تبدیلی سمیت دیگر سروسز تک رسائی بھی نہایت آسان بنادی گئی ہے اور وہ ایک کلک پر یہ سہولیات گھر بیٹھے حاصل کررہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو انجنئیر محمد عامر نے کہا کہ فیسکو اپنے صارفین کو کوالٹی سروس کی فراہمی پر عمل پیرا ہے اور مستقبل میں بھی مزیدصارف دوست پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جن سے صارفین اور فیسکو سٹاف کے مابین رابطوں اور اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔ اس موقع پرانھوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ اپنے گردونواح میں کہیں بھی بجلی چوری کی واردات دیکھیں تو اس کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کرکے اس مکروہ قومی جرم میں ملوث بجلی چوروں کا خاتمہ کیاجاسکے۔

فیس بک پر منعقدہ ای کچہری میں فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورخوشاب کے صارفین نے چیف ایگزیکٹو فیسکوکو نئے کنکشنز کے جلداجراء،ایل ٹی /ایچ ٹی پروپوزلز،،ٹوفیزٹرانسفارمراورخراب میٹروں کی تبدیلی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔صارفین کی طرف سے پیش کی گئی مختلف شکایات پر چیف ایگزیکٹو فیسکو نے متعلقہ افسران کو ان مسائل کے جلد حل اوراس کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔اس موقع پر چیف انجنئیر (سی ایس) انجینئرصدف ناز، ڈی جی (ایڈمن) اطہر ایوب چوہدری، ایڈیشنل ڈی جی (پی آر) طاہر شیخ، ڈائریکٹر سی ایس اقبال خان نیازی،ڈائریکٹر سی سی اینڈ بی عبدالحئی اور ڈپٹی ڈائریکٹر 118علی عمران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :