دنیا تسلیم کر رہی ہے ہائیڈرو نیوکلیئر انرجی محفوظ توانائی کا ذریعہ ہے،وزیر خارجہ اسحاق ڈار

عالمی مالیاتی اداروں کو جوہری توانائی منصوبوں سے متعلق تعاون کرنا چاہئے،چین ہمارا بہترین دوست ،ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، بیرون ملک پاکستانی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کیلئے کام کریں، لندن میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 23 مارچ 2024 21:20

دنیا تسلیم کر رہی ہے ہائیڈرو نیوکلیئر انرجی محفوظ توانائی کا ذریعہ ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا تسلیم کر رہی ہے ہائیڈرو نیوکلیئر انرجی محفوظ توانائی کا ذریعہ ہے، عالمی مالیاتی اداروں کو جوہری توانائی کے منصوبوں سے متعلق تعاون کرنا چاہئے،چین ہمارا بہترین دوست ہے ،ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، بیرون ملک پاکستانی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کیلئے کام کریں۔

تفصیلات کے مطابق برسلز میں نیو کلیئر سمٹ میں شرکت کے بعد لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ برسلز میں جوہری توانائی اجلاس میں جوہری توانائی سے متعلق اہم نکتہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو نیوکلیئر ذریعے سے آلودگی کے بغیر توانائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ نیوکلیئر اور ہائیڈرو انرجی محفوظ توانائی کے حصول کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے موقف کی کئی عالمی رہنمائوں نے تائید کی ہے ، عالمی مالیاتی اداروں کو جوہری توانائی کے منصوبوں سے متعلق تعاون کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جوہری توانائی کے محفوظ استعمال سے متعلق اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ سے برسلز میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون پر بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ برسلز میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی ،متحدہ عرب امارات کے ہم منصب سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمارا بہترین دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، بیرون ملک پاکستانی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کیلئے کام کریں۔