26 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم ایئرپورٹ سے گرفتار

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:51

26 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم ایئرپورٹ سے گرفتار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) 26سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم اللہ دتہ کو ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول اور امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا، اشتہاری ملزم پنجاب پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، ایف آئی اے NCBانٹرپول پاکستان نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

ملزم فلائٹ نمبر SV794سے پاکستان پہنچا تھا، ملزم اللہ دتہ گزشتہ 26سال سے تھانہ باغبانپورہ لاہور کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، ملزم 1998ء میں قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا، ایف آئی اے امیگریشن نے ملزم کو پاکستان پہنچنے پر ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزم کو متعلقہ پولیس حکام کو حوالگی کے لئے کمپوزٹ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا، ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی ایف آئی اے امیگریشن سے قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لئے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔