سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی کارروائی، 21 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار

اتوار 24 مارچ 2024 08:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے کے دوران 21 ہزار 151 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا ہے،سعودی پریس ایجنسی کے مطابق غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران 21 ہزار 151 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 13799 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی ،4768 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی جبکہ 2584 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔

(جاری ہے)

مذکورہ عرصے کے دوران 1283 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کر کے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جن میں سے 25 فیصد یمنی، 72 فیصد ایتھوپی جبکہ تین فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔اسی طرح سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 67 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 8 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :