آئی سی سی کا پاکستان کرکٹ کے سابق سربراہ شہریار خان کے انتقال پر اظہارافسوس

اتوار 24 مارچ 2024 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2024ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ کے سابق سربراہ شہریار خان کے 89 سال کی عمر میں انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔شہریار ایک کیریئر ڈپلومیٹ تھے، جنہوں نے 2003 سے 2006 تک پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر 2014 سے 2017 تک آئی سی سی بورڈ میں پی سی بی کی نمائندگی بھی کی۔

(جاری ہے)

اتوار کو ایک بیان میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیوف ایلارڈائس نے کہا کہ شہریار خان کا انتقال کرکٹ کی دنیا کے لیے افسوسناک خبر ہے۔ شہریار ایک بہت ہی نمایاں اور اہم شخصیت تھے جنہوں نے کئی سالوں میں اس کھیل کی ترقی میں بہت بڑا حصہ ڈالا۔"ایک سفارت کار کے طور پر ان کے تجربے نے انہیں پاکستان میں کرکٹ انتظامیہ کی بہت مہارت سے رہنمائی کرنے میں مدد کی اور وہ آئی سی سی بورڈ کے ایک معزز رکن بھی تھے۔ آئی سی سی کی جانب سےمیں ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ ساتھ پی سی بی میں اپنے ساتھیوں سے دلی تعزیت پیش کرنا چاہتا ہوں۔