کراچی کے بازاروں میں شہری دہائی دینے لگے

608 روپے کلو سرکاری قیمت مقرر ہونے کے باوجود مرغی کا گوشت 650 میں فروخت ہونے لگا

اتوار 24 مارچ 2024 19:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) رمضان کے مقدس مہینے میں دکانوں پر حکومت کی پرائس لسٹ ہو یا نہ لیکن دکاندار بادشاہ ہے جو قیمت چاہیے مقرر کرے، سامان اسی پر فروخت ہوگا۔کراچی کے بازاروں میں شہری دہائی دینے لگے، 608 روپے کلو سرکاری قیمت مقرر ہونے کے باوجود مرغی کا گوشت 650 میں فروخت ہو رہا ہے۔بکرے کی گوشت فی کلو سرکاری قیمت 1700 روپے مقرر کی گئی ہے لیکن بازار میں 2200 روپے کلو میں دستیاب ہے۔

(جاری ہے)

پھلوں کی قیمتیں بھی آپے سے باہر ہوگئیں، 219 روپے سرکاری ریٹ والا سیب 300 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔بازار میں 179 روپے فی درجن والا کیلا 250 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جبکہ ایرانی کھجور کے سرکاری نرخ 633 روپے مگر مارکیٹ میں 800 روپے کلو میں دستیاب ہے۔مہنگائی کا یہ حال ہے کہ 207 روپے کلو کی ریٹ لسٹ والی پیاز بازار میں 250 سے 300 روپے میں مل رہی ہے۔دوسری طرف مہنگائی کے باعث عید کی خریداری بھی ماند پڑگئی ہے، بنوں کے بازار خریداروں سے خالی ہیں۔

متعلقہ عنوان :