اٹک ، مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق، دو زخمی ہو گئے

پیر 25 مارچ 2024 17:13

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) اٹک میں مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں دو مختلف واقعات میں شادی شدہ جوڑے سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا ۔ پہلے واقعہ میں فتح جنگ کے تھانہ باہتر کی حدود میں کریمہ گاؤں میں غیرت کے نام پر جوڑے کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

پولیس نے متوفی کے اہل خانہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کے پی کے ضلع کوہستان سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ یوسف خان نے ایک ماہ قبل اہل خانہ کی مرضی کے خلاف 18 سالہ نادیہ بی بی سے تیسری شادی کی۔ ہفتے کی رات جب یہ جوڑا سونے کے لیے گیا تو نقاب پوش افراد فارم ہاؤس میں واقع ان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان پر گولیوں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

قاتل موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسرے واقعے میں پنڈی گھیب تھانے کی حدود شہباز پور روڈ پر اتوار کو تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک لڑکی کچل کر جاں بحق جبکہ اس کی چھوٹی بہن اور والد زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالرؤف اپنی دو بیٹیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ تیز رفتار ٹرک نے ان پر چڑھ دوڑا جس کے نتیجے میں ایک بچی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی چھوٹی بہن اور والد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈیگھیب منتقل کر دیا گیا۔ متعلقہ پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔