ایس ای سی پی نے کمپنی شیئر ٹرانسفر کے طریق کار کا وضاحتی سرکلر جاری کر دیا

پیر 25 مارچ 2024 21:16

ایس ای سی پی نے کمپنی شیئر ٹرانسفر کے طریق کار کا وضاحتی سرکلر جاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کمپنیوں کے شیئر ہولڈنگ میں تبدیلی، کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 465(4) کی دفعات کے تحت رجسٹرار کے پاس ریٹرن فائل کرنے سے متعلق وضاحتی سرکلر جاری کیا ہے۔کمپنیز ایکٹ، 2017 کے سیکشن 465 کی دفعات کے تحت، کسی لسٹڈ کمپنی کے علاوہ کسی بھی کمپنی کے لیے لازمی ہے کہ وہ شیئر ہولڈنگ یا ممبرشپ یا ووٹنگ کے حقوق میں 25 فیصد سے زیادہ کی تبدیلی کی اطلاع فارم-3 کے ذریعے رجسٹرار کو جمع کروائے۔

سرکلر نمبر 9/2024 یہ واضح کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے کہ لسٹڈ کمپنی کے علاوہ کوئی کمپنی بھی رجسٹرار کے پاس اپنے شیئر ہولڈنگ یا ممبرشپ یا ووٹنگ کے حقوق میں پچیس فیصد یا اس سے کم کی تبدیلی کے بارے میں فارم-3 فائل کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ سرکلر شیئر ہولڈنگ کی منتقلی کی رپورٹنگ میں درپیش عملی مشکلات کو دور کرنے اور کمپنیوں کے شیئر ہولڈنگ کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

اس وضاحت کا مقصد شیئر ہولڈنگ، رکنیت یا ووٹنگ کے حقوق میں 25% یا اس سے کم کی تبدیلی کی اطلاع رجسٹرار کو جمع کروانے کے لئے کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ مزید برآں، چونکہ، کمپنی کی معلومات/روٹرن جو رجسٹرار کے پاس رکھے ہوئے ہیں وہ عوامی دستاویزات ہیں جن کا معائنہ کیا جا سکتا ہے اور کسی بھی شخص کی طرف سے مصدقہ کاپیاں حاصل کی جا سکتی ہیں، اس لیے شیئر ہولڈنگ کی تازہ ترین معلومات اسٹیک ہولڈرز اور دلچسپی رکھنے والے فریقوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔ سرکلر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔