فیصل آباد، پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا

پیر 25 مارچ 2024 21:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مخالف کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3افراد زخمی‘ علاوہ ازیں بھائی نے بھائی کو گولی مار کر زخمی کر دیا، ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

نواحی گائوں 422 گ ب کے رہائشی رستم علی نے بتایا کہ ان کی مخالفین عمران وغیرہ سے قتلوں کی پرانی دشمنی چلی آ رہی ہے اور ملزم عمران مقدمہ قتل کا اشتہاری بھی ہے، گزشتہ روز اس کا جواں سالہ بیٹا شیر علی ڈیرہ پر جا رہا تھا کہ راستے میں مسلح ملزمان نے گھیر لیا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے شیر علی کو ابدی نیند سلا دیا اور ملزم بلال نے فون کر کے بتایا کہ انہوں نے شیر علی کو قتل کر دیا ہے اور ہوائی فائرنگ کر کے دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

جبکہ ‘ گھریلو جھگڑے کی بناء پر 52 ج ب ملاں پور کے 36سالہ عظیم الله ولد اکبر علی کو اسکے بھائی نے گولی مار کر زخمی کر دیا ، سمندری کے نواحی گائوں 242 گ ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 25سالہ سجاول ولد یوسف اور 30سالہ فیصل حمید ولد عبدالحمید کو بری طرح زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں سمن آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے زبیر کو بری طرح زخمی کر دیا، حملہ آور ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ بعدازاں مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔