حکمران خدا کیلئے ملک و قوم کو بیرونی قرضوں سے نجات دلائیں، طارق مدنی

ْعوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا تو حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں، سربراہ امن کونسل

پیر 25 مارچ 2024 20:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) حکمران خدا کے لئے ملک و قوم کو بیرونی قرضوں سے نجات دلائیں اور قرضوں کی بیساکھیوں کا سہارا لینے کے بجائے قرض اتارو پالیسی اپنائیں جس کے لئے سرکاری اخراجات میں کمی سمیت آئین و قانون کی بالادستی کے لئے ٹھوس و مثر اقدامات اٹھائے جائیں قانون کی حکمرانی ملکی استحکام کے لئے انتہائی ناگزیر ہے اسوقت قانون طاقتوروں کے ہاتھوں کھلونا بنا ہوا ہے اور موجودہ ابتر صورت حال سے ملک کو شدید ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے عوام کے گھروں کے چولہے تو ٹھنڈے ہوئی چکے ہیں اب اور کیا باقی رہے گیا ہے ان تاثرات کا اظہار پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے مرکزی امن سیکریٹریٹ شیرشاہ میں حکومت کے آئی ایم ایف کے پاس دوبارہ جانے کے ارادوں کے حوالے سے سماجی رہنما اسلم خان فاروقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا طارق مدنی نے کہا کہ عوام میں بیرونی قرضوں کی ادائیگی کرنے کی طاقت نہیں ہے ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام کی حالت پہلے ہی بد سے بدتر ہوچکی ہے اگر عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا گیا تو حالات قابو سے باہر ہوسکتے ہیں۔