بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن ، ایف آئی اے نے 7 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا

پیر 25 مارچ 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر داخلہ کے احکامات کی روشنی میں بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کےدوران ایف آئی اے نے 7 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا ۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں کمپوزٹ سرکل بنوں اور ڈی آئی خان کی جانب سے کی گئی۔گرفتار ملزمان میں محمد اسلم، محمد بلال، حمزہ، خالد پرویز، سمیع اللہ، میمود خان اور امداد اللہ شامل ہیں ۔

ملزمان اپنی دکانوں پر بجلی کی مین لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔پیسکو حکام نے موقع پر غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دئیے۔ غیر قانونی بجلی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی کیبل اور دیگر سامان کو بھی ضبط کر لیا۔بجلی چوری سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔

(جاری ہے)

چھاپہ مار کاروائیاں ڈی آئی خان کے علاقے دینپور روڈ اور نیو سبزی منڈی بنوں پر کی گئی۔

ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ڈائریکٹر کوہاٹ زون انعام اللہ گنڈاپور کی جانب سے تمام سرکلز میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ چھاپہ مار ٹیمیں پیسکو حکام کے ساتھ مشترکہ کاروائیاں کر رہی ہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :