اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری آئی ٹی سہولیات فراہم کرنے کے لئےاقدامات

پیر 25 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) چیئرمین کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہدایت پر ممبر ٹیکنالوجی و ڈیجیٹلائزیشن سمیت متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری آئی ٹی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسلام آباد کے سیکٹر G-10 میں 3.3 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا، جس کے لئے پلاٹ بھی مختص کردیا گیا ہے، جس کا کورڈ ایریا تقریباً 1 لاکھ اسکوائر فٹ پر محیط ہوگا۔

اس ضمن میں سی ڈی اے کی جانب سے دلچسپی رکھنے والی نجی کمپنیوں کے لئے اخبارات میں "EoI" اور اس کی تمام تفصیلات بھی شائع کردی گئی ہیں.تفصیلات کے مطابق آئی ٹی فیلڈ میں مہارت رکھنے والی نجی کمپنیاں ہی "EoI" میں ایک ملین مالیت کے چیک کے عوض اپنے مکمل کوائف جمع کروا سکیں گے۔

(جاری ہے)

جس کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد "EoI" کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے اسلام آباد آئی ٹی پارک بنانے کے تمام اخراجات "EoI" میں کامیاب ہونے والی نجی کمپنی ہی برداشت کرے گی جبکہ 15 سال بعد یہ پارک مکمل طور پر سی ڈی اے کے حوالے بھی ہو جائے گا۔

اسی طرح اس پارک میں نجی کمپنیاں جگہ کرائے پر لے کر آئی ٹی دفاتر بنا سکیں گی۔ جس سے نہ صرف سی ڈی اے کی آمدن میں اصافہ ہوگا بلکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جدید اور معیاری آئی ٹی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔