پرائس کنٹرول میکانزم میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ،یوٹیلیٹی سٹور پر تمام اشیا مناسب قیمت پر دستیاب ہیں ، جان کمال خان

امن و امان کی صورتحال و دیگر چیلنجز کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں، وفاقی وزیر تجارت کی یوٹیلٹی سٹورز کے دورے کے موقع پر گفتگو

پیر 25 مارچ 2024 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول میکانزم میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے،یوٹیلیٹی سٹور پر تمام اشیا مناسب قیمت پر دستیاب ہیں ، امن و امان کی صورتحال و دیگر چیلنجز کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو یوٹیلٹی سٹورز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان ریلیف پیکیج کی رقم 7.5 ارب روپے سے بڑھا کر 12.5 ارب روپے کر دی ہے،یوٹیلیٹی سٹور پر تقریبا تمام اشیا مناسب قیمت پر دستیاب ہیں اور یوٹیلیٹی سٹورز کا مقصد محض ریلیف کے لیے ایک قدم ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکنزم میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو صنعت کو فروغ دینا ہے اور ملک میں توانائی کے بحران کے معاملے کو سنبھالنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چھ سے سات منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔امن و امان کی صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے مسئلے کا جائزہ لینے اور امن و امان کی صورتحال کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال اور دیگر چیلنجز کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب ہم آئی ایم ایف سے قرضہ لیتے ہیں تو اسے اچھے طریقے سے واپس کرنا پڑتا ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر جام کمال نے یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کیا اور عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کی تفصیلات بارے معلومات حاصل کیں ۔