فیصل آباد، پرانی دشمنی پر نوجوان قتل، قاتلانہ حملوں میں 3 افراد زخمی، بھائی نے بھائی کو گولی ماردی

پیر 25 مارچ 2024 21:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) فیصل آباد میں مختلف واقعات میں ایک نوجوان قتل جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے، بھائی نے بھائی کو گولی ماردی۔ تفصیلات کے مطابق پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے مخالف کو قتل کر دیا، نواحی گائوں 422 گ ب میں مخالفین عمران وغیرہ نے پرانی دشمنی پر نوجوان شیر علی ڈیرہ پر جاتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3افراد زخمی ہوگئے جبکہ بھائی نے بھائی کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

(جاری ہے)

گھریلو جھگڑے کی بناء پر 52 ج ب ملاں پور کے 36سالہ عظیم اﷲ ولد اکبر علی کو اسکے بھائی نے گولی مار کر زخمی کر دیا جبکہ سمندری کے نواحی گائوں 242 گ ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 25سالہ سجاول ولد یوسف اور 30سالہ فیصل حمید ولد عبدالحمید کو بری طرح زخمی کر دیا۔

علاوہ ازیں سمن آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے زبیر کو بری طرح زخمی کر دیا، حملہ آور ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔پولیس نے واقعات کے شواہد اکٹھے کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔