جاپان کی کابینہ نے برطانیہ اور اٹلی کو جدید ترین لڑاکا طیارے’’ٹیمپیسٹ‘‘برآمد کرنے کی منظوری دے دی

منگل 26 مارچ 2024 11:00

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) جاپان کی کابینہ نے اپنی امن پسند پالیسیوں سے انحراف کرتےہوئے برطانیہ اور اٹلی کو نئے جدید ترین لڑاکا طیاروں’’ ٹیمپیسٹ‘‘برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔بی بی سی کے مطابق جاپان نےدونوں ممالک کو جیٹ طیاروں کی فروخت کے لئے ہتھیاروں کی برآمد کےاپنے قوانین میں نرمی کی ہے جس کے بعد جاپان نے دونوں ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

جاپانی حکام کے مطابق ہر لڑاکا جیٹ کی فروخت کے لیے کابینہ کی منظوری درکار ہو گی۔ ان طیاروں کی تیاری میں پائلٹوں کی مدد کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید سینسرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔جاپان یہ طیارے برطانیہ اور اٹلی کی مدد سے تیار کر رہا ہے۔ ان طیاروں کی مسلح افواج کو فراہمی 2035 تک متوقع ہے۔واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم میں شکست کے بعد امریکی ہدایات پر تشکیل دیئے گئے جاپانی آئین میں جاپان پر اسلحہ برآمد کرنے پر پابندی عائد تھی ۔ اس پابندی میں پہلی بار 2014 میں نرمی کی گئی تھی۔