سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق اورڈپٹی سپیکرسید غلام مصطفیٰ شاہ کی نیول ایئر بیس پر دہشتگرد حملے کی مذمت

منگل 26 مارچ 2024 13:47

سپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق اورڈپٹی سپیکرسید غلام مصطفیٰ شاہ  ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے نیول ایئر بیس پی این ایس صدیق تربت پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید سپاہی نعمان فرید کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے حملے کو ناکام بنانے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ شہید سپاہی نعمان فرید کا دہشتگردوں کا بہاردی سے مقابلہ کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔

سپیکر نے کہا کہ مسلح افواج نے بروقت کارروائی کر کے ایئر بیس کو بڑے نقصان سے محفوظ بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے،قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے،دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے ملک میں امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔سپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔