کاشتکار ادرک کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے اپریل کے۱ ٓخر تک مکمل کرسکتے ہیں، محکمہ زراعت

منگل 26 مارچ 2024 14:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار ادرک کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے اگلے ماہ اپریل تک مکمل کرلیں۔انہوں نے کاشتکاروں کوادرک کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے فصل میں 150 کلو گرام سپر فاسفیٹ، 150 کلوگرام امونیم سلفیٹ اور 100کلوگرام پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ ڈالنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ادرک کی کاشت مارچ کے اواخر میں شروع کر کے اپریل کے وسط تک مکمل کی جاسکتی ہے، ادرک کی کاشت کیلئے ایسی زمین بہترین نتائج کی حامل ہو تی ہے جو زرخیز میرا ہونے کے ساتھ ساتھ پانی کے اچھے نکاس اور ہواکے گزر کی صلاحیت رکھتی ہو، کاشتکار ادرک کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کر کے اس میں 40سے50گڈے فی ایکڑ گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر دو سے تین مرتبہ ہل چلائیں اور سہاگہ دے کر زمین اچھی طرح تیار کرلیں۔انہوں نے کہاکہ ادرک کا شمار مصالحہ دار سبزیوں میں ہوتا ہے جو اپنے مخصوص ذائقہ اور مہک کی بنا پر عوام الناس میں بے حد مقبول ہے۔ ادرک کالی کھانسی، پھیپھڑوں کی ٹی بی اور بعض دیگر بیماریوں کیلئے بہترین علاج ہے جو حافظہ بھی بڑھاتا اور دل و جگرکو تقویت دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :