ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکا ماڈل رمضان بازار جھنگ روڈ کا دورہ، حکومتی سبسڈی پر فراہم کردہ سبزیوں،پھلوں اور گوشت کی قیمتوں کی چیکنگ

منگل 26 مارچ 2024 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آبادعبداللہ نیئر شیخ نے ماڈل رمضان بازارجھنگ روڈ کا دورہ کیا اور ایگری کلچر فیئر پرائس شاپ میں حکومتی سبسڈی پر فراہم کردہ سبزیوں،پھلوں، گوشت کی قیمتوں و معیار کو چیک کیا۔انہوں نے موقع پر خریداروں سے ماڈل رمضان بازار کے انتظامات اورفراہم کر دہ ریلیف بارے دریافت کیا جس پر عوام نے ماہ رمضان میں حکومت پنجاب کی طرف سے ملنے والے ریلیف پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی افسران کو سبزیوں وپھلوں پر نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے ماہ رمضان میں عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ایگری کلچر فیئر پرائس شاپ پر عام مارکیٹ سے اعلیٰ معیار کی 25فیصد رعایتی نرخوں پر سبزیاں وپھل فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اشیاء کی ڈیمانڈ وسپلائی پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

دریں اثناضلع کی دو تحصیلوں سٹی وتاندلیانوالہ میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم(آؤٹ بریک رسپانس کیس رسپانس)کے پہلے روز ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے ایوننگ اجلاس کی صدارت کی۔پہلے روز پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 55 ہزار 519 بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل سٹی و تاندلیانوالہ میں اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے ہیلتھ اتھارٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مائیکروپلان پر ذمہ دارانہ عملدرآمد ہونا چاہیے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نعمان افضل اعوان،کاشف رضا اعوان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار،ڈی ایچ او ڈاکٹر عظمت عباس ودیگر موجودتھے۔