محکمہ محنت میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے، فضل شکور خان

منگل 26 مارچ 2024 17:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ محکمہ محنت میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ورکرز ویلفیئر بورڈ اور ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کے حوالے سے دی گئی بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

جس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے چیئرمین محمد فخر عالم، ڈائریکٹر ایجوکیشن پروفیسر امجد خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمدشعیب، ڈائریکٹر کو آرڈینیشن ڈاکٹر محمد بلال، ڈائریکٹر فنانس محمد ابرار حسین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو ورکرز ویلفیئر بورڈ کے مختلف شعبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے صنعتوں میں کام کرنے والے ورکرز اور ان کے خاندانوں کو دی جانے والی مراعات اور سہولیات سمیت مختلف زونزمیں قائم مانیٹرنگ سینٹر کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وزیر محنت نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو میرٹ پر عمل درآمد کرنے کی سختی سے ہدایت کی اور کہا کہ جو ملازمین چور دروازے سے لیبر ڈیپارٹمنٹ میں بھرتی ہوئے ہیں اور مختلف عہدوں پر فائز ہیں جیسا کہ وہ ان عہدوں کے اہل نہیں ہیں تو انہیں ان عہدوں سے ہٹا نے کے لئے کارروائی کرنے سے گریز نہ کیا جائے اور محکمے سے نکال دیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایک ورکر کو بیک وقت دو جگہوں سے دوہری صحت کی سہولیات حاصل کرنے کی اجازت نہ دی جائے جیسا کہ صحت سہولت کارڈ اور محکمہ محنت کی طرف سے دی جانے والی صحت سہولیات فراہم ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جلد از جلد ورکرز ویلفیئر بورڈ اور ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوٹ کا ڈیٹا کمپیوٹررائزڈ کیا جائے تاکہ اس کے امور میں شفافیت نمایاں دکھائی دے۔

متعلقہ عنوان :