اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس،انسداد منشیات کے امور کا جائزہ لیا گیا

بدھ 27 مارچ 2024 12:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) اینٹی نارکاٹکس فورس (اے این ایف )کے ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے پھیلاؤ اور انسداد منشیات کے اقدامات پر غور کیا گیا۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے رجحان اور انسداد منشیات کے اقدامات پر 18 ویں انٹر ایجنسی ٹاسک فورس (آئی اے ٹی ایف) کا اجلاس گزشتہ روز ہیڈکوارٹر اینٹی نارکوٹکس فورس راولپنڈی میں میجر جنرل عبدالمعید ڈائریکٹر جنرل انسداد منشیات فورس کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس سیٹ اپ اور متعلقہ سرکاری محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کا مقصد تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی اور اداروں کی انتظامیہ کی جانب سے اس کا مقابلہ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ایجنڈے پر متعلقہ ایجنسیوں اور محکموں کے نمائندوں کی جانب سے جامعہ بریفنگ دی گئی جس میں مسئلے کی بنیادی وجوہات اور پالیسی کے نفاذ میں درپیش خلا کو اجاگر کیا گیا ، بیک وقت آگے بڑھنے کے طریقوں پر بھی بحث کی گئی ،منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کے لئے ایک مکمل مہم کا منصوبہ اے این ایف نے پیش کیا جس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی مسئلہ ہونے کی وجہ سے پوری قوم کے نقطہ نظر اور ایک اجتماعی مہم کی ضرورت پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے اتفاق کیا۔ مہم کے منصوبے پر عمل درآمد کے لئے، منشیات کی فراہمی میں کمی اور منشیات کی طلب میں کمی جیسے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ ڈی جی اے این ایف نے قومی مہم کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام ایجنسیوں اور محکموں کو اے این ایف کی جانب سے ہر ممکن مدد اور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :