محکمہ زراعت نے بارش یا آندھی کے دوران فصلات کی بہتر سنبھال بارے حکمت عملی جاری کردی

بدھ 27 مارچ 2024 13:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکار اپنی فصلات کی دیکھ بھال، سنبھال کے لئے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے موسمی پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش یا آندھی کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں اور کٹی ہوئی گندم کو ترپال یا شیٹ لے کر ڈھانپ دیں۔بارش رکنے کے بعد گیلی گندم کو چبوترے پر ڈال کر دھوپ لگوائیں۔

بارشیں معمول سے زیادہ ہو نے نیز درجہ حرارت بھی کم ہونے کی صورت میں کاشتکار گندم کی کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر شروع کریں۔ کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ اوپر کی طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں کھلیان لگائیں اور پانی کی نکاسی کے لئے اردگرد کھالی بنائیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر یا ریپر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے اور فصل بھی زیادہ دیر کھیت میں نہیں پڑی رہتی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ مکئی کے کاشتکار بھی اپنے کھیتوں سے بارش کا پانی ساتھ موجود خالی کھیت میں منتقل کریں تا کہ مرطوب موسم کے باعث مکئی کے پودے مرنے سے محفوظ رہیں نیز مرطوب موسم میں مکئی کے پودوں پر کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کا خطرہ بھی موجود ہوتا ہے اس لئے کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے انتظامات کریں۔چارہ کی فصلات سے بھی پانی خالی کھیتوں میں یا فصل کے اردگرد کھائی کھود کر زائد پانی کو کھائی میں منتقل کر دیں۔چارہ کی فصل پانی کی زیادتی کو برداشت کر لیتی ہے مگر زیادہ پانی جمع ہونے کی صورت میں اس کی نکاسی کا بندوبست لازماً کریں۔

متعلقہ عنوان :